مجلس صحافت ونشریات
یہ مجلس ندوۃالعلماء کا ماتحت ادارہ نہیں ہے، لیکن ندوۃالعلماء کے ناظم اور متعدد فضلاء ا س کے مؤسس اور روح رواں ہیں، مجلس صحافت کے قیام کا مقصد ندوۃالعلماء کے فکر و اصول کے مطابق دعوتی و اشاعتی کام انجام دینا ہے، اس کے تحت کئی رسالے شائع ہوتے ہیں۔
البعث الاسلامی
عرب دنیا کو فکر اسلامی کا پیغام پہنچانے کے لیے اس عربی رسالہ کو 1955 میں مولانا سید محمد الحسنی ندوی مرحوم نے اپنے چند رفقاء کے ساتھ جاری کیا تھا، اور انتقال کے وقت تک وہ اپنے رفیق کار مولانا ڈاکٹر سعیدالرحمن اعظمی ندوی کے ساتھ ادارت کے فرائض انجام دیتے رہے، مولانا محمد الحسنی کے انتقال کے بعد مولانا ڈاکٹر سعیدالرحمن اعظمی ندوی (مہتمم دارالعلوم ندوۃالعلماء) اس کے رئیس التحریر ہوئے، اور اس میں ان کے شریک ادارت مولانا محمد واضح رشید حسنی ندوی (سابق معتمد تعلیم ندوۃالعلماء) رہے،جن کا ۱۶ جنوری ۲۰۱۹ کو انتقال ہوگیا، اس میں ہندوعرب کے اہل قلم علماء وفضلاء کے مضامین شائع ہوتے ہیں، الحمد للہ یہ پرچہ ہندوپاک کے علاوہ ممالک عربیہ میں کافی شہرت رکھتا ہے، اور اس کا شمار صف اول کے دینی پرچوں میں کیا جاتا ہے، عراق، حجاز، کویت، لبنان وغیرہ کے دینی ماہنامے اس کے مضامین نقل کرتے ہیں، اﷲ کا شکر ہے کہ ان ممالک میں ’’البعث الاسلامی‘‘ کا ایک وقیع حلقہ پیدا ہوگیا ہے۔
الرائد
ہندوپاک سے نکلنے والا سب سے پہلا عربی پندرہ روزہ اخبار ہے، جو شعبہ صحافت ونشریات کے تحت تقریباً ۶۰؍سال سے حضرت مولاناسید محمد رابع صاحب حسنی ندوی (ناظم ندوۃالعلماء) کے زیرنگرانی نکل رہا ہے، جس کی ادارت کی ذمہ داری مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندوی کی وفات کے بعد مولانا سید جعفرمسعود حسنی ندوی انجام دے رہے ہیں۔
یہ طلبہ اور نوجوان اہل قلم کو تازہ عربی صحافت سے واقف کرانے کے لیے جاری کیا گیا تھا، اور اپنی تاریخ اجرا سے تاحال ایک کامیاب جریدہ کی حیثیت سے کام کر رہا ہے، عالم اسلام کی دینی و علمی تحریکات و افکار پر ٹھوس اور سنجیدہ اسلوب میں تبصرہ کرتا ہے، اور مسلمانوں کے ملی حالات کا جائزہ بھی پیش کرتا رہتا ہے، اور یہ عرب ممالک میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اور طلبہ وعلماء نیز ممالک عربیہ کے بہت سے اہل ذوق حضرات کی نظر سے گزرتا ہے اور پسند کیا جاتا ہے، قارئین میں ایک خاصی تعداد خریداروں کی ہے، سولہ صفحات پر مشتمل یہ پرچہ ہرماہ کی ابتدا اور وسط میں نکلتا ہے۔
تعمیر حیات
ایک پندرہ روزہ اردو پرچہ ’’تعمیرحیات‘‘ کے نام سے جاری کیا گیا تاکہ اس کے ذریعہ مسلمانوں میں عمومی طور پر دینی وعلمی و اصلاحی کاموں کو تقویت حاصل ہو، اسی کے ساتھ ساتھ یہ مقصد بھی پیش نظر تھا کہ ندوۃالعلماء کے اغراض و مقاصد کی توسیع واشاعت بھی ہو، ایک وقیع تعداد ہمدرد اور مخلصین کو اعزازی طور پر دی جاتی ہے، اس کی ادارت کے فرائض فضلاء دار العلوم انجام دیتے ہیں، اس کا سالانہ بدل اشتراک ۴۰۰؍روپے ہے۔
(FRAGRANCE) فریگرینس
یہ ایک انگریزی ماہنامہ ہے، جسے مجلس صحافت نے ۱۹۹۹ء سے جاری کیا ہے، اس کا مقصد انگریزی داں حضرات کو اسلامیات سے واقف کرانا ہے، نیز اشاعت اسلام میں ندوۃالعلماء کے طریقۂ کار سے آشنا کرانا ہے، اس کے چیف ایڈیٹر جناب شارق علوی صاحب ہیں۔
سچاراہی
ندوۃالعلماء سے تعلق رکھنے والوں کے مطالبہ پر موجودہ حالات کے پیش نظر مارچ ۲۰۰۲ء سے ہندی میں ایک ماہانہ رسالہ ’’سچاراہی‘‘ جاری کیا گیا جو بہت پسند کیا گیا، اور الحمدﷲ مفید خدمت انجام دے رہا ہے، توفیق الٰہی سے اس کی اشاعت میں برابر اضافہ ہورہا ہے، لیکن اس کو ہندی خواں گھرانوں میں پہنچانے کی ضرورت ہے۔
کاروان ادب
علمی، ادبی مجلہ کاروان ادب سہ ماہی رابطہ ادب اسلامی کے دفتر واقع ندوۃ العلماء لکھنؤ سے پابندی سے نکل رہا ہے اور علمی، ادبی حلقوں میں مقبول ہے۔ جس کو ناظم ندوۃ العلماء حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کی سرپرستی حاصل ہے۔