کتب خانہ علامہ شبلی نعمانیؒ

ندوۃالعلماء کا یہ اہم کتب خانہ ایک شاندار پانچ منزلہ عمارت میں ہے، بیرونی ممالک کے ریسرچ اسکالر بھی اس کتب خانہ سے مستفید ہوتے ہیں، ندوۃالعلماء کا یہ اہم عظیم کتب خانہ ہندوپاک میں خصوصی امتیاز رکھتا ہے۔
 اس کے تین شعبے ہیں:  شعبۂ مطبوعات، شعبۂ مخطوطات اور شعبۂ انگریزی، ان کے مستقل ذمہ دار ہیں، جن کی نگرانی ناظم کتب خانہ کرتے ہیں، ندوۃالعلماء کے عام کتب خانہ کے ساتھ چند دوسرے کتب خانے بھی شامل ہیں، جن میں نواب سید صدیق حسنؒ کا کتب خانہ اور مولانا حکیم سیدعبدالعلیؒ کا کتب خانہ ممتاز حیثیت رکھتا ہے، جن میں بعض اہم مخطوطات بھی ہیں، کتب خانہ ندوۃالعلماء سے طلبہ کو تعلیم کے سلسلہ میں کتابیں مستعار دی جاتی ہیں، جو امتحان سالانہ کے وقت جمع کرا لی جاتی ہیں۔
 مارچ ۲۰۲۱ء تک کتب خانہ کی کتابوں کی مجموعی تعداد :۲۱۱۳۰۹؍ ہے، مستعار کتب خانوں کی کتابوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے، جن میں عربی، فارسی اور اردو کے تقریباً پانچ ہزار مخطوطات ہیں اورکتب خانہ کو کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے، اور جلد ہی انشاء اﷲ انٹرنیٹ پر لے آیا جائے گا۔
اس مرکزی کتب خانہ کے علاوہ ذیلی کتب خانے بھی ہیں جو دار العلوم کے شعبوں کی ضرورت کے لیے ہیں اور دارالاقاموں میں بھی دارالمطالعہ کے نام سے لائبریریاں ہیں۔