عیسائیوں کے یتیم خانہ کوزکوۃ دیناکیساہے؟

کیا عیسائی کوزکوۃدے سکتے ہیں؟
ديسمبر 5, 2022
مرتدین کوزکوۃ دینا
ديسمبر 5, 2022

عیسائیوں کے یتیم خانہ کوزکوۃ دیناکیساہے؟

سوال:عیسائیوں میں خدمت خلق کا کام دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے مقابلہ میں زیادہ ہے، جبکہ اسلام میں خدمت خلق کا بڑا ثواب ہے، لیکن بدقسمتی سے اسے فراموش کردیا گیاہے۔ عیسائیوں کی خدمت  خلق کاکام مدرٹریسا وغیرہ کے نام جیسے ادارے کھول کر اور بھی بڑھ گیا ہے۔ ان اداروں میںمسلمان یتیم لڑکے اورلڑکیاںاور دماغی طور پر کمزور واپاہج بہ کثرت داخل کیے جاتے ہیں، تعلیم وتربیت اورحفظان صحت کا پورا خیال رکھا جاتا ہے لیکن ان کامقصد عیسائیت کی تبلیغ ہوتا ہے۔

چنانچہ بہت سے مسلمان ان اداروں میں داخل ہوتے ہیں،ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اور کچھ عرصہ کے بعد عیسائی ہوجاتے ہیں،کیامسلمانوں کا ایسے عیسائی اداروں کوزکوۃ کی رقم دینااس شرط کے ساتھ کہ وہ ادارے صرف مسلمانوں پرہی اسے صرف کریں،مباح ہے یانہیں؟

ھــوالمصــوب:

صورت مسئولہ میں ایسے ادارے جہاں جہاں بچے بچوں کی پرورش ہوتی ہو اور جس کے متعلق یہ مشاہدہ وتجربہ ہو کہ ان مسلم بچوں کو عیسائی خیالات وافکار سے ہم آہنگ کرکے عیسائی مذہب کے پیروکار بنائے جاتے ہوں، ایسے اداروں میں مالی تعاون دینا مسلمانوں کے لئے جائز نہیں، کیوں کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

تعاونوا علی البر والتقویٰ ولاتعاونوا علی الإثم والعدوان۔(۱)

لہذا مسلم جماعتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ ان مسلم یتیم بچوں کے لئے علاحدہ ادارہ قائم کریں تاکہ اس قسم کے ارتداد سے بچاجاسکے۔ یہ بہت بڑا ثواب کا کام ہوگا، جو ہمارے فرائض میں داخل ہے۔

تحریر:محمد طارق ندوی      تصویب:ناصر علی

نوٹ:آپ پریہ بات مخفی نہ ہوگی کہ آج کا مسلمان خصوصاً دیندار مسلمان من حیث الدین بلکہ من حیث الملۃ بڑے مصائب میں مبتلا ہے۔ اسلام دشمن قوتیں متحدہوکر نقصان پہونچاہی رہی ہیں لیکن نام کے مسلمان ارباب اقتدار ہم مسلمانوں پر کیا ظلم ڈھارہے ہیں، مصرالجزائر شام اردن وغیرہ میں مسلمانوں کے ساتھ کس طرح کا ظلم ارباب اقتدار کی طرف سے روا رکھا گیا ہے، آپ یقیناً اس سے واقف ہوںگے۔دوسری طرف عیسائی حکومتیں مذہبی جذبہ کے تحت نہیں بلکہ عیسائی قومیت کے تحت عیسائی مبلغوں کو کتنی مدد پہونچارہے ہیں یہ سب ہمارے سامنے ہے۔ کام تو کچھ ان کا ہے وہ تو ہے ہی لیکن پروپیگنڈہ کچھ زیادہ ہی ہے۔ پروپیگنڈہ سے متاثر ہوئے بغیر آج کا انسان نہیں رہ سکتا ہے۔(ناصرعلی)