مفتی دوم

مفتی محمد مستقیم بن محمد حنیف ندوی

مفتی محمد مستقیم بن محمد حنیف ندوی ۱۱؍ جولائی ۱۹۶۸ء کو دوگھرا گائوں (جالہ) ضلع دربھنگہ، بہار میں پیدا ہوئے، ابتدائی و ثانوی تعلیم گائوں ہی کے مدرسہ قاسم العلوم حسینیہ میں حاصل کی، پھر اعلیٰ تعلیم کی غرض سے لکھنؤ کے لئے رخت سفر باندھا، اور عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ میں طرح اقامت ڈال دی، اور وہاں زیر تعلیم رہ کر ۱۹۸۷ء میں عا لمیت اور ۱۹۸۹ء میں فضیلت سے فراغت حاصل کی، اس سے قبل ۱۹۸۱ء میں جامعہ دینیات اردو دیوبند سے فاضل اور ۱۹۸۵ء میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ،پٹنہ سے فوقانیہ تا فاضل (فارسی) کا امتحان دیا اور سند یافتہ ہوئے۔ جبکہ ۱۹۹۶ء میں یوپی بورڈ آف مدرسہ ایجوکیشن، لکھنؤ سے عالم اور ۲۰۱۵ء میں فاضل نیز ۱۹۹۴ء میں لکھنؤ یونیورسٹی سے بی۔اے۔ اور ۱۹۹۶ء میں اردو سے ایم۔اے۔ کیا۔
فی الحال عالم اسلام کی مشہور دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ میں فقہ اسلامی کے استاذکی حیثیت سے علمی خدمات میں مصروف ہیں ،مزید ندوۃ العلماء کی مرکزی دارالقضاء اترپردیس، لکھنؤکے قاضی کونسل کے رکن اور دارالافتاء ندوۃ العلماء کے معاون مفتی کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ دارالقضاء فرنگی محل ، لکھنؤ، دارالقضاء جامعہ ام المؤمنین میمونہ اسلامیۃ للبنات، فیض اللہ گنج، لکھنؤ کے قاضی شریعت کے منصب پر فائز ہیں اور دارالقضاء ،بلیا اور اسی طرح دارالقضاء قنوج کے مشرف کی حیثیت سے سرگرم عمل ہیں۔
تدریس، فتوی نویسی اور کار قضاء کی انجام دہی پوری مستعدی کے ساتھ دیتے ہیں اور تحریر فتویٰ کے علاوہ زبانی مسائل میں بھی رہنمائی کرتے ہیں۔ علم الفرائض میں بڑی مہارت ہے اور اس فن میں ان کی براعت کا اعتراف اکابر اہلِ علم اور ارباب فقہ و افتاء کو بھی ہے۔