زکوۃ کے مصارف سے متعلق متفرق سوالات

دعوت دین کے لئے زکوۃ کااستعمال
نوفمبر 30, 2022
زکوۃ کی رقم کہاں خرچ کریں؟
نوفمبر 30, 2022

زکوۃ کے مصارف سے متعلق متفرق سوالات

سوال:۱-زکوۃ کے فنڈ سے زید اور ہندہ کو وظیفہ دیا جاسکتاہے یا نہیں؟

۲-زید اور ہندہ غیرمستطیع ہیں زکوۃ کے فنڈ سے کسی ادارے میں داخلے کی فیس جمع کی جاسکتی ہے یا نہیں؟

۳-زکوۃ کے فنڈ سے کتابیں،کاپیاں، رجسٹر وغیرہ خریدی جاسکتی ہیں یا نہیں؟

۴-زکوۃ کے فنڈ سے بجلی کا بل یا ٹیلی فون کا بل جمع کیا جاسکتا ہے یا نہیںـ؟

۵-زکوۃ کے فنڈ سے مدرسین وملازمین کی تنخواہ دی جاسکتی ہے یانہیں؟

۶-اگر ملازمین ومدرسین زکوۃ کے مستحق ہیں توان کو زکوۃ کی فنڈ سے تنخواہ دی جاسکتی ہے یا نہیں؟

۷-زکوۃ کے فنڈ سے ضرورت مند اشخاص کی مدد کی جاسکتی ہے یا نہیں؟

۸-زکوۃ کے فنڈ سے زید اور ہندہ کو وظیفہ دیاگیا، کیا زید اور ہندہ اس وظیفہ کو کسی ادارہ میں داخلہ کی فیس کے طورپرجمع کرسکتے ہیں یا نہیں؟

ھــوالمصــوب:

۱-اگر زید وہندہ مستحق زکوۃ ہیںتو زکوۃسے وظیفہ دیاجاسکتا ہے۔(۱)

۲-غیرمستطیع ہونے کی صورت میں زکوۃ لے کر داخلہ کی فیس غیرمستطیع طلباء وطالبات جمع کرسکتے ہیں۔(۲)

۳- مذکورہ چیزیں خریدکرمستحق زکوۃ طلبہ کواس طورپردی جاسکتی ہے کہ انہیں مالک بنایاجائے، یا مستحق طلبہ کویہ رقم دے دیجائے اوروہ کتابیں وغیرہ خرید لیں۔(۳)

۴-بجلی بل یا ٹیلی فون بل بھی اس سے ادا نہیں کیا جاسکتا ہے(۴)، البتہ مستحق طلباء اپنی بجلی فیس ادا کرسکتے ہیں۔

۵-زکوۃ سے تنخواہیں بھی نہیں دی جاسکتی ہیں۔(۵)

۶-تنخواہ اجرت کو کہتے ہیں، اجرت میںزکوۃ نہیں دی جاسکتی ہے۔ (۱)

۷-ضرورت مندکی اعانت زکوۃ سے درست ہے، بلکہ فقراء تومصارف زکوۃ میںشامل ہیں۔(۲)

۸-اگر زید وہندہ مستحقین زکوۃ میںہیں تو انہیں زکوۃ دی جاسکتی ہے اور وہ اس کو فیس میں دے سکتے ہیں۔

تحریر:محمد ظفرعالم ندوی    تصویب:ناصر علی