تراویح میں قرآن دیکھ کر پڑھنا

ایک مسجد میں بیک وقت دو جگہ تروایح کی جماعت
نوفمبر 10, 2018
تراویح میں قرآن دیکھ کر پڑھنا
نوفمبر 10, 2018

تراویح میں قرآن دیکھ کر پڑھنا

سوال:یہاں عرب امارات میں تراویح کی نمازمیں قرآن دیکھ کرپڑھنے کاعام معمول ہے،جبکہ ہندوستان میں ایسانہیں ہے،قرآن یادنہ ہونے کی صورت میں’ألم تر کیف‘سے تراویح پڑھنے کوترجیح دیتے ہیں،اس مسئلہ کی وضاحت مطلوب ہے۔

ھــوالــمـصــوب:

قرآن سے دیکھ کر تراویح میں قرأت کرنا علماء احناف کے نزدیک درست نہیں ہے، کیوں کہ اس سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، فساد کی وجہ یہ ہے کہ یہ عمل کثیر ہے، اس کے علاوہ خارج صلاۃ سے تلقین ہے، اور یہ دونوں چیزیں نماز کو فاسد کردیتی ہیں۔ علامہ حصکفی فساد صلاۃ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

وقرأتہ من مصحف أی ما فیہ قرآن مطلقاً لأنہ تعلم(۱)

علامہ ابن عابدینؒ ’تعلم‘ کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ نماز فاسد ہونے کی علت دو ہیں، ایک عمل کثیر دوسری تلقن:

أحدھما أن حمل المصحف والنظر فیہ وتقلیب الأوراق عمل کثیر، والثانی أنہ تلقن من المصحف فصار کما إذا تلقن من غیرہ(۲)

علامہ ابن ہمامؒ نے اس مسئلہ پر فتح القدیر میں کافی بحث کی ہے(۳) علماء شوافع اور حنابلہ کے نزدیک جائزہے،اسی لئے عرب امارات میں دیکھ کر پڑھنے کارواج ہے اوربرصغیر ہندوپاک میں چونکہ اکثریت احناف کی ہے اس لئے اسی مسلک پر عام لوگ عمل کرتے ہیں۔

تحریر: محمد ظفرعالم ندوی تصویب: ناصر علی ندوی