صبح صادق اور صبح کاذب میں فرق

فجر سے متعلق چند متفرق سوالات
نوفمبر 1, 2018
فجر کا آخری وقت
نوفمبر 1, 2018

صبح صادق اور صبح کاذب میں فرق

سوال:ہمارے علاقہ مرھٹواڑہ کی دودینی درسگاہوں نے دائمی اوقات صلاۃ کو ترتیب دے کر منظر عام پر لائے ہیں مگر دونوں کے اوقات صلاۃ میں کچھ فرق ہے۔ ایک درسگاہ نے حضرت مفتی عزیزالرحمن صاحب مفتی اعظم دارالعلوم دیوبند اور انس صاحب کی کمپیوٹر کی روشنی میں مدلل تحریر کیا ہے اور دوسری درسگاہ نے صبح صادق اور صبح کاذب کو اپنے عینی مشاہدہ کو بنیاد بناکر نقشہ ترتیب دیا ہے۔ اول الذکر درسگاہ کی مرتبہ دائمی تقویم کی صحت کی تائید میں ملک کی مشہور جامعات کی تصدیق اور توثیق سامنے آئی ہے۔ ثانی الذکر درسگاہ اپنے عینی مشاہدہ کے لئے دارالعلوم دیوبند کا فتویٰ بصورت مشورہ حاصل کرکے اول الذکر درسگاہ کو چیلنج کررہی ہے۔ مگر اول الذکر درسگاہ کا یہ کہنا ہے کہ صبح کاذب اور صبح صادق کے امتیاز اور ان کے آغاز وختم کافرق جاننے کے لئے تجرباتی نگاہوں کی ضرورت ہے اور ثانی الذکر درسگاہ نے پورے شہر میں سیاسی انداز اختیار کرکے اپنی تائید میں بات کرنے کاماحول بناکر عینی مشاہدہ کے غیرجانبدار ہونے کو مشکوک کردیا ہے۔ ایسی صورت میں سیاسی جیسا ماحول صحیح نتیجہ برآمد نہیں کرے گا۔ اثبات ونفی کا اختلاف برقرار رہے گا۔ آپ سے گزارش ہے کہ رہنمائی فرمائیں کہ عوام کس نقشہ پر عمل کریں۔ ایک نقشہ مدلل اور مبرھن کو ترجیح دی جائے تو ازروئے شرع کوئی قباحت تو نہیں؟ یا پہلے سے چلے آرہے نظام الاوقات پر عمل کیا جائے؟

ھــوالـمـصـــوب:

دریافت کردہ صورت میں جو نقشہ احتیاط پر مبنی ہو اس پر عمل کیا جائے۔ مثلاً ایک نقشہ میں طلوع صبح صادق پانچ بجے ہے اور دوسرے نقشہ میں پانچ بن کر دس منٹ ہے تو سحری کے لئے بہتر یہ ہے کہ پہلے پر عمل کیا جائے۔ اسی طرح افطار میں اگرپہلا نقشہ پانچ بج کر ۴۵منٹ غروب بتاتا ہے اور دوسرا پانچ بج کر ۳۵منٹ تو افطار اور اذان میں احتیاط پہلے نقشہ میں ہے۔ واضح رہے کہ تمام تقویمی نقشے خواہ عینی مشاہدہ پر مبنی ہوں یا کمپیوٹر کی مدد سے تیار کیے گئے ہوں علم قطعی کا فائدہ نہیں دیتے ہیں۔ اس لئے احتیاط پر عمل کرنا چاہئے۔

تحریر: محمدظفرعالم ندوی  تصویب:ناصر علی ندوی