مصارف زکوۃ کی تفصیل

خیرات اورزکوۃ کامصرف
نوفمبر 30, 2022
دعوت دین کے لئے زکوۃ کااستعمال
نوفمبر 30, 2022

مصارف زکوۃ کی تفصیل

سوال:مصارف زکوۃ کے بارے میں چندسوالات پیش خدمت ہیں:

۱-زکوۃ کے مصارف کیاکیاہیں؟

۲-سناہے کہ رشتہ داروںمیں جوزکوۃ کے مستحق ہوں ان کوزکوۃ دینازیادہ بہترہے،اب سوال یہ ہے کہ رشتہ داروں میں کون کون لوگ آتے ہیں: ماں، باپ،شوہر،بیوی ؟

۳-یتیم اگر صاحب نصاب ہے تو اسے زکوۃ دی جاسکتی ہے یا نہیں؟

۳- مسکین کسے کہیں گے، کون کون لوگ مسکین کے زمرہ میں آتے ہیں؟

۴-جولوگ مذہبی کام میں لگے ہوئے ہیںاور اپنی روزی روٹی نہیں کماسکتے، اس میں کون کون لوگ آتے ہیں؟ طالب علم اس زمرہ میں آتے ہیںیا نہیں ؟

۵-کیا جو لوگ مسجد کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر بھیک مانگتے ہیںکیا ان کو زکوۃ دی جاسکتی ہے؟

ھــوالمصــوب:

۱-قرآن میںزکوۃ کے آٹھ مصارف متعین کردیے گئے ہیں، چنانچہ قرآن میں ہے:

إنما الصدقات للفقراء والمساکین والعاملین علیھا والمؤلفۃ قلوبھم وفی الرقاب والغارمین وفی سبیل اللہ وابن السبیل۔(۲)

۲-ماں، باپ، اقرباء میں نہیںہیں بلکہ اصول ہیں اور زکوۃ اپنے اصول وفروع(۱)، اور زوجین ایک دوسرے کو نہیں دے سکتے ہیں۔ فتاویٰ ہندیہ میںہے:

ولایدفع إلی امرأتہ للإشتراک فی المنافع عادۃ ولاتدفع المرأۃ إلی زوجھا عندأبی حنیفۃ کذا فی الھدایۃ۔(۲)

۲-یتیم اگر صاحب نصاب ہے تو اس کو صدقات واجبہ نہیں دے سکتے ہیں۔

۳-مسکین ایسے شخص کوکہتے ہیں جس کے پاس کچھ نہیں ہے، چنانچہ وہ اپنی زندگی بچانے کے لئے کھانامانگنے اور بدن چھپانے کے لئے کپڑا مانگنے کا محتاج ہوتا ہے، فتاویٰ ہندیہ میںہے:

ومنھا المسکین وھو من لاشیٔ لہ فیحتاج إلی المسئلۃ لقوتہ أومایواری بدنہ۔(۳)

۴-جو لوگ مذہبی کاموں میںلگے ہوئے ہیں اور اپنی روزی روٹی نہیںکماسکتے اگر ان کے پاس اتنا مال ہے جو نصاب کی مقدار تک پہونچتا ہے تو ان کے لئے بھی زکوۃ کی رقم لینا جائز نہیںہے،اور اگر وہ نصاب کے مالک نہیںہیںتو ان کو زکوۃ کی رقم دی جاسکتی ہے(۴)، لیکن بطور اجرت نہیں۔

طالب علم بھی ان لوگوں کی فہرست میں آتا ہے جو مذہبی امور میں مشغول ہیں، طالب علم اگر نابالغ ہے تو اگر وہ خود یا اس کے اولیاء صاحب نصاب ہیں تب بھی اس کے لئے زکوۃ لینا جائز نہیں ہے، اور اگروہ بالغ ہے اور صاحب نصاب نہیںہے تو زکوۃ کی رقم اس کو دی جاسکتی ہے:

ولایجوز دفعھا إلی ولد الغنی الصغیر کذا فی التبیین ولوکان کبیرا فقیرا جاز۔(۱)

مسجد کی سیڑھیوںپر بیٹھ کر مانگنے والے اگر صاحب نصاب نہیںہیں تو ان کو زکوۃ دی جاسکتی ہے ورنہ نہیں۔

تحریر:محمد ظفرعالم ندوی    تصویب:ناصر علی