قصر کی مسافت

غسل کے پانی میں چھینٹے پڑجائیں
نوفمبر 1, 2018
غسل کے فرائض اداکئے بغیر غسل نہیں
نوفمبر 1, 2018

قصر کی مسافت

سوال:زید نے وکاس نگر سے کانپور کا سفر کیا جس کی مسافت پچاس میل ہے، کیا زید اس صورت میں مسافر ہوگا؟

ھــوالــمـصــوب:

زید مسافر ہے، البتہ نماز میں قصر شہر سے نکلنے کے بعد کرے گا(۱)

تحریر: محمد ظہور ندوی

(۱)قولہ’’من خرج من عمارۃ موضع إقامتہ‘‘ أراد بالعمارۃ مایشمل بیوت الأخبیۃ لأن بھا عمارۃ موضعھا قال فی الامداد: فیشترط مفارقتھا و لو متفرقۃ۔ردالمحتار،ج۲،ص:۵۹۹

مسافت سفر کے تعیین کے سلسلہ میں فقہاء احناف سے تین اقوال منقول ہیں: ۲۱فرسخ برابر ۶۳میل، ۱۸فرسخ برابر ۵۴میل، ۱۵فرسخ برابر۴۵میل، شوافع، حنابلہ اور مالکیہ سے ۱۶فرسخ برابر ۴۸میل منقول ہے، علماء خوارزم کافتویٰ ۱۵فرسخ والے قول پر ہے، جبکہ ہندوپاک کے اکثر علماء نے ۱۶فرسخ والے قول کو اختیار کیا ہے کہ یہ اکابر صحابہ سے مؤید ہے اور احناف کے ۱۵فرسخ والے قول کے قریب بھی ہے۔

ایک فرسخ تین میل کا ہوتاہے،اس طرح ۱۶فرسخ ۴۸میل کاہوا۔ حدیث میں برید کالفظ بھی آیا ہے، ایک برید چار فرسخ کا ہوتا ہے، اس طرح چار برید سولہ فرسخ کا ہوا اور ۱۶فرسخ ۴۸میل کا۔

یہاں میل سے شرعی میل مراد ہے نہ کہ انگریزی میل۔ایک شرعی میل دوہزار گز کے برابر ہوتا ہے اور دوہزار گز ۱کلو میٹر ۸۲۸ میٹر اور۸۰ سینٹی میٹر کے مساوی ہے۔ اس طرح ۴۸میل ۷۷کلومیٹر، ۷۸۲میٹر، ۴۰ سینٹی میٹر کے برابر ہوا۔ ملخص از:جدید فقہی مسائل،ج۱،ص:۱۴۲-۱۴۱، کتاب الفتاویٰ،ج۲،ص:۴۷۶