فجر کی نماز کے بعد سنت کیوں نہیں ؟

فجر کی نماز کے بعد قضاء نمازیں پڑھنا؟
نوفمبر 1, 2018
فجر کی نماز کے بعد سنت کیوں نہیں ؟
نوفمبر 1, 2018

فجر کی نماز کے بعد سنت کیوں نہیں ؟

سوال:۱- فجر کی سنت فرض سے پہلے نہیں پڑھی تو فرض کے بعد پڑھ سکتے ہیں یا نہیں، جبکہ فجر کا وقت باقی ہے، اگر نہیں تو دلیل کیا ہے؟

۲-جبکہ ظہر کی سنت ظہر کی فرض نماز کے بعد پڑھتے ہیں تو فجر کی سنت نماز فجر کے بعد نہیں پڑھ سکتے ہیں، ایسا کیوں اگر کوئی ان دونوں سنتوں کو فرض نماز کے بعد بھی نہ پڑھے تو کیا گنہ گار ہوگا؟

ھــوالـمـصـــوب:

۱- فجر کی سنت اگر چھوٹ جائے تو اسے بعد طلوع آفتاب ادا کرنے کا حکم حدیث نبوی سے ہے، امام طحاوی نے اپنی کتاب مشکل الآثار میں اس حدیث کو ذکر کیا ہے:

عن ابی ھریرۃ قال: کان النبیؐ اذا فاتتہ رکعتا الفجر صلاھما اذا طلعت الشمس(۲)

ظہر کی نماز سے قبل کی سنت چھوٹ جائے تو بعد نماز ظہر ادا کرنے کا حکم بھی حدیث نبوی سے ہے۔ ابن ماجہ کی روایت ہے حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں:

کان رسول اﷲؐ اذا فاتتہ الأربع قبل الظہر صلاھا بعد الرکعتین بعد الظھر(۱)

امام ترمذی نے بھی فجر کی سنت کے سلسلہ کی ایک روایت نقل کی ہے جس میں طلوع شمس کے بعد پڑھنے کا حکم ہے:

عن أبی ھریرۃ قال قال رسول اﷲ ؐ من لم یصل رکعتی الفجر فلیصلھا بعد ماتطلع الشمس(۲)

۲- روایت ہے کہ بعد نماز فجر کوئی نماز نہیں ہے تاآنکہ آفتاب طلوع ہوجائے(۳) اس بنیاد پر فرض فجر کی ادائیگی کے بعد طلوع آفتاب تک کوئی نماز ادا نہیں کی جاتی ہے خواہ وہ سنت فجر ہو البتہ قضا کی اجازت ہے(۴)

تحریر: محمدظفرعالم ندوی  تصویب:ناصر علی ندوی