مقروض کے لئے عشرکاحکم؟

بغیرسینچائی کئے ہوئے غلہ پرعشر
ديسمبر 20, 2022
کیاپیداوارسے اخراجات منہاکئے جائیں گے؟
ديسمبر 20, 2022

مقروض کے لئے عشرکاحکم؟

سوال:جس طرح زکوۃ ادا کرنے کے لئے اس کا ایک نصاب ہے، اگر نصاب سے کم ہو تو اس پر زکوۃ ادا کرنا واجب نہیں ہے، بالفرض اگر کوئی مقروض ہو تو کیا قرض مانع وجوب عشر ہے؟

اسی طرح اگر کسی شخص کو کھیت میں اتنا غلہ ہواکہ اگر وہ قرض میں دے دے تو اس کے پاس کچھ بھی نہیں بچتا تو کیا اس پر بھی عشرہے؟

ھــوالـمـصـــوب:

زکوۃ اور عشر دونوں کے مسائل میں کافی فرق ہے، وجوب زکوۃ کے لئے دیگر بہت سی شرطوں کے ساتھ نصاب کی مقدار کا دین سے فارغ ہونا ضروری ہے، لیکن وجوب عشر کے لئے صرف دوہی شرطیں ہیں، ایک عشر نکالنے والے کا مسلمان ہونا ،اوردوسری زمین کاعشری ہونا(۲)، حنفی مسلک میں راجح یہی ہے کہ وجوب عشر کے لئے کوئی نصاب مقرر نہیں ہے(۳)، اور نہ ہی دین سے فارغ ہونا ضروری ہے بلکہ عشری زمین کی جو بھی پیداوار ہوگی اس میں عشر واجب ہے، خواہ پیداوار کم ہو یا زیادہ، لہذا صورت مذکورہ میں اگر عشری زمین ہے تو عشر واجب ہے، خواہ وہ شخص مقروض ہی ہو۔ (۱)

تحریر: محمدظفرعالم ندوی    تصویب:محمد ظہور ندوی