سوال:۱-کھیتی کی فصل سے جو عشر نکالا جاتا ہے وہ کل پیداوار میں سے نکالا جائے گا یا فصل کی پیداوار میں جو اخراجات لگے ہیں وہ منہا کرکے بقیہ فصل میں نکالا جائے گا؟
۲-بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کاشتکار جتنا زمین میں خرچ لگایا اتنی بھی فصل نہیںہوتی، ایسی صورت میں کاشتکار کیا کرے۔
۳-کیا عشر کی رقم سے دارالعلوم یا مسجد میں کسی مرحوم کے نام سے تعمیری کام جائز ہے؟
ھــوالمصــوب:
۱-کل پیداوار سے نکالا جاتا ہے، خرچ منہا نہ ہوگا۔(۲)
۲-جو پیداوار ہو وہی نکالے گا خواہ کم ہو یا زیادہ۔(۳)
۳-عشر زکوۃ کی ایک قسم ہے ،اسے مسجد اور تعمیر میں نہیںلگایا جاسکتا ہے۔
تحریر:محمد ظہور ندوی تصویب:ناصر علی
سوال:۱-کھیت کی کل پیداوار پر زکوۃ واجب ہوگی یا کل لاگت الگ کرنے کے بعد بچی ہوئی پیداوار پر واجب ہوگی؟اگر زمین عشری ہے۔
۲-کٹائی کی اجرت پیداوار سے دی جاتی ہے،کیا اس کو نکالنے کے بعد زکوۃ ادا کی جائے گی؟
۳-کیا بھوسہ وغیرہ پیداوار میں شامل ہے؟اور ان پر زکوۃ واجب ہے؟
ھــوالـمـصـــوب:
۱-اگر زمین عشری ہے تو کھیت کی کل پیداوار پر دسواں حصہ اس صورت میں جبکہ آسمان کے پانی وغیرہ سے سیراب کیا گیا ہو اور اگر اس کے سیراب کرنے میں مصارف پڑتے ہوں تو بیسواں حصہ عشر واجب ہوگا۔ (۱)
۲-کل غلہ پر عشر واجب ہے، عشر نکالنے کے بعد مزدوری وغیرہ وضع کی جائے گی۔ (۲)
۳-صرف غلہ پر عشر واجب ہے بھوسہ وغیرہ عشر میں شامل نہ ہوںگے۔ (۳)
تحریر: محمدمستقیم ندوی تصویب:ناصر علی
سوال:آج کا دور مشینری کا دور ہے،ہماری کھیتی مشینوں ہی کے ذریعہ ہوتی ہے، جس میں ڈیزل، آئل اورکھاد کافی خرچ ہوتی ہے تو میں اپنی کھیتی کی زکوٰۃ کس طرح ادا کروں؟سوکھے اور سینچائی کی زمین سے موصول ہوئی کھیتی کی پیداوار پر زکوٰۃ ایک جیسی ادا کرنی ہوگی یا الگ الگ؟ جبکہ سینچائی کی زمین میں سوکھے کی نسبت زیادہ خرچ آتا ہے۔ آیازکوٰۃ کل پیداوار سے ادا کی جائے گی یا ڈیزل ،آئل، کھاد وغیرہ نکالنے کے بعد؟
ھــوالـمـصـــوب:
اگر زمین عشری ہے تو سینچائی کا خرچ ہونے کی صورت میں کل پیداوار کا بیسواں حصہ ،اورسینچائی کاخرچ نہ ہونے کی صورت میں دسواں حصہ عشر نکالنا ہوگا۔
تحریر:محمد مستقیم ندوی تصویب:ناصر علی