سوال:۱-میں یونانی دواخانہ کھولنا چاہتاہوں، ادویات غریبوں میں مفت دیناچاہتا ہوں،کیا میں زکوٰۃ،خیرات وصدقات کی رقم سے ادویات تیار کرکے غریبوں میں مفت تقسیم کرسکتا ہوں؟
۲- رشوت خور، سود خور یہ دونوں احباب چندہ دیں یادوسروں کے ذریعہ چندہ دلائیں تو کیا میں ان پیسوں میں ادویات تیار کرکے غریبوں میں مفت تقسیم کرسکتا ہوں؟
ھــوالمصــوب:
۱-زکوٰۃ اور خیرات وصدقات کی رقم سے ادویات تیار کرکے غریبوں میں مفت تقسیم کرنا جائز ہے۔(۱)
۲-رشوت اور مال حرام کے چندے سے ادویات تیار کرکے بلانیت ثواب ضرورت مندوں اور غریبوں کو دینادرست ہے۔ رشوت خوروں اور سودخوروں کے چندہ یا ان کے ذریعہ حاصل شدہ چندہ سے ادویات تیار کرنا اور غریبوں میں تقسیم کرنا درست ہے ،کیوں کہ رشوت خوروں اور سود خوروں کا سارا مال حرام نہیں ہوتا،لیکن انہیں سودخوری اوررشوت خوری سے روکنے کی کوشش ہونی چاہئے۔
تحریر: ظفر عالم ندوی تصویب: ناصر علی